بھٹکل ،3 ؍ دسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ ہاسپٹل میں جو تین بستروں والا انٹینسیو کیئر یونٹ تھا اسے ترقی دیتے ہوئے دس بستروں والا یونٹ بنایا گیا ہے جس افتتاح مقامی ایم ایل اے سنیل نائک نے کیا ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرکاری امداد سے تین بستروں کی جگہ اب آئی سی یو کے لئے دس بستر فراہم کیے گئے ہیں ۔ اس طرح بھٹکل تعلقہ ہاسپٹل ریاست کے ایسے دس سرکاری اسپتالوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے ۔ ماضی میں لوگ علاج کے لئے سرکاری اسپتال میں آنے سے کتراتے تھے لیکن اب حالات بدل گئے ہیں ۔ یہاں بہترین علاج و معالجہ کی سہولت دستیاب ہونے کا یقین عوام کے اندر پیدا ہوگیا ہے ۔ یہ یہاں پر موجود ڈاکٹروں عملہ کی کوششوں کا نتیجہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ منکی میں موجود پرائمری ہیلتھ سینٹر کو دس کروڑ روپے کی لاگت سے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں تبدیل کرنے کے سلسلے میں سرکاری سطح پر بات چیت ہو رہی ہے ۔ اس کے علاوہ بھٹکل کے اسپتال کو بھی مزید ترقی دی جائے گی ۔
مہمان خصوصی کے طور پر موجود ویسٹرن گھاٹ کنزرویشن ٹاسک فورس کے صدر گووند نائک نے کہا کہ پہلے کے مقابلے میں اب بھٹکل سرکاری اسپتال میں آنے والے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے اور یہاں پر نجی اسپتالوں سے زیادہ بہتر انتظامات اور تعمیرات دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔
ایک اور مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے کہا کہ بھٹکل تعلقہ ہاسپٹل روز بروز ترقی اور شہرت کی طرف بڑھ رہا ہے ، جس کی وجہ سے اسپتال میں علاج کے لئے آنے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ تعلقہ اسپتال کی ترقی اور بہتری کے لئے تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے ہمیشہ تعاون کیا گیا ہے ۔
اس موقع پر تعلقہ ہیلتھ آفیسر اور ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت نے اپنے خیالات پیش کیے ۔ حاضرین میں بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ کے ڈاکٹر سریش نائیک بھی شامل تھے ۔